بابا میرے ہاتھ کیوں کام نہیں کر رہے – معصوم عمر کا سوال

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کرنٹ لگنے معذور ہونیوالے بچے کے والدین نے آرمی چیف ،چیف جسٹس اور وزیراعظم سے انصاف کی امیدیں لگالیں ، محمد عمر کے ورثا نے کے الیکٹرک کیخلاف عدالت جانے اور سخت احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ’’امت‘‘ کو8سالہ محمد عمر کے والد محمد عارف نے بتایا کہ میرا بیٹا سوال کرتا ہے کہ میری انگلیاں کام کررہی ہیں ،مگر ہاتھ کام نہیں کررہے ہیں، میرے ساتھ ایسا کیوں ہورہا ہے، جس پر میں اسے تسلی دیتا رہتا ہوں اور روتا ہوں مگر اب عمر کو تسلی دینے کے بجائے کر بھی کیا سکتا ہوں۔ ’’امت‘‘ کو بچے کی والدہ نے بتایا کہ میرے بچے کا خواب کا تھا کہ وہ پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنے اور ملک و قوم کی خدمت کرے، مگر کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن تار نے میرے بیٹے کے سارے خواب خاکستر کردیئے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ بے مہار کے الیکٹرک کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی اپیل کی کہ ہم آپ کے انصاف کے منتظر ہیں۔ عمر کے چاچا محمد اظہر کا کہنا ہے کہ میں اپنے بھتیجے سے بہت محبت کرتا ہوں، وہ گھر میں سب کا چہیتا ہے، اس کا درد دیکھا نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے الیکٹرک پر مقدمہ درج کرائینگے اور بجلی ادارے کیخلاف احتجاج کریں گے۔ ’’امت‘‘ کو محمد عمر کے بڑے بھائی 10سالہ محمد علی نے بتایا کہ میرا بھائی کلاس میں پہلی پوزیشن لیتا ہے، اب وہ کبھی لکھ نہیں سکے گا، جب سے عمر بیمار ہوا ہے، میں اسکول میں اکیلا ہوگیا ہوں۔ محمد علی نے بتایا کہ عمر کے تمام کلاس فیلو اسکی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More