ملیر میں اسکول مسماری کیخلاف بچوں-اساتذہ کا پریس کلب پر احتجاج
کراچی (خبر ایجنسیاں) جعفر طیار سوسائٹی ملیر میں قمر بنی ہاشم اور ینگ سٹیزن اسکول مسمار کرنے کیخلاف ہزاروں بچوں نے اساتذہ اور والدین کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شر کت کی۔ اس موقع پرمظاہرین سے خطاب میں شیعہ علما کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، اسکول مسمار کرکے قوم کے معماروں کا مستقبل خاک میں ملایا جارہا ہے، اسکول کی باؤنڈری مسمار کرنے سے سیکورٹی مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عرصے سے علاقے میں ڈویلپمنٹ کے نام پر درس گاہوں کو منظم انداز میں توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مختلف ہتھکنڈوں سے تعلیم کو تباہ کرنے کی کوشیش کی جارہی ہے جو کسی بھی صورت صیح نہیں، ہم چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معصوم بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیں اور اسکول باؤنڈری کی فوری تعمیر حکم جاری کریں۔