پرسنل سیکرٹری وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے ہاؤس الاٹ کرالیا

0

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کے پرسنل سیکرٹری اعظم خان نے سی ڈی اے کی منظوری اورعلم میں لائے بغیرسیکٹر ایف سیون میں واقع چیئرمین سی ڈی اے ہاؤس اپنے نام الاٹ کروا کر نئے پاکستان میں پرانے پاکستان کی روایت برقرار رکھنے کی مثال قائم کردی۔ مذکورہ بنگلہ سی ڈی اے کے بورڈ ممبرہاؤسز میں شامل ہے اور صرف سی ڈی اے افسران کو ہی الاٹ ہوسکتاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سرکاری بنگلے میں سابق چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف تقریباً پانچ سال سے قابض ہیں۔ مذکورہ بنگلہ اعظم خان کو وزارت ہائوسنگ نے الاٹ کیا ہے، حالانکہ بنگلہ بورڈ ممبرہاؤسزمیں شامل ہے اور وزارت ہاؤسنگ کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ اس بنگلے کو الاٹ کرے۔معلوم ہوا ہے کہ سی ڈی اے کے بورڈ ممبرہاؤسز میں صرف سات سرکاری بنگلے شامل ہیں جن میں سے چھ بنگلوں پر پولیس کے اعلیٰ آفیسرسمیت بیوروکریٹس پہلے سے قابض ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز اعظم خان کو الاٹ ہونے والے سرکاری بنگلے کا قبضہ لینے کی کوشش کی گئی تو، سی ڈی اے انکوائری آفس نے قبضہ دینے سے صاف انکار کردیاجس پر معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے اور وزیر اعظم کے پرسنل سیکرٹری اعظم خان اور سی ڈی اے حکام کے مابین اس معاملے پر ٹھن گئی ہے۔ وزارت ہائوسنگ کی جانب سے جاری الاٹمنٹ لیٹر کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون تھری میں واقع مکان نمبر 12اے اے، گلی نمبر 63 وزیر اعظم کے پرسنل سیکرٹری اعظم خان کو الاٹ کیا گیا ہے۔ جائنٹ اسٹیٹ آفیسر مستحسن باللہ کی جانب سے وزیر اعظم ہائوس کو بھجوائے گئے الاٹمنٹ لیٹر میں اعظم خان کو مکان کا قبضہ گھر خالی ہونے کی صورت میں دیا جائے گا۔ یاد رہے اس مکان پر سی ڈی اے کے سابق چیئرمین ندیم حسن تقریباً پانش برس سے قابض ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More