نوازشریف کو ڈھائی کروڑ بل بھیجنے کا حکومتی فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے ذاتی سفر پرسرکاری وسائل خرچ کرنے پر سابق وزیراعظم نوازشریف کو ڈھائی کروڑ روپے کا بل بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کےبچوں نے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے۔نوازشریف کے اہل خانہ کے فضائی اخراجات اربوں روپے میں ہیں، ہیلی کاپٹر کےاخراجات کی تحقیقات کی ہیں، حسن ،حسین اور مریم نواز سرکاری خرچ پر سفر کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف اور عمران خان نے انتخابی دھاندلی کیخلاف پوری لڑائی لڑی ، ہم شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر اعظم سواتی نے کہا کہ انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ثابت کروں گا کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوئے ہیں۔ ہم الیکشن کمیشن اور نادرا کی صفائی نہیں دے رہے، البتہ رات 2 بجے تک45 ہزار862 رزلٹ فارم موصول ہوچکے تھے۔ ہرپریذائیڈنگ افسرکے پاس اس کےموبائل میں نتیجہ موجود ہے، آرٹی ایس رکنے کی تحقیق ہونی چاہیے، شفاف تحقیقات کے لئےچیئرمین نادرا کوہٹایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ویب سائٹ پر45 فارم دیکھ لیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ الیکشن میں استعمال ہونیوالاآرٹی ایس سسٹم کاکوڈنادراکےپاس ہے،آرٹی ایس کسی نے بند کیا ہے تو فرانزک آڈٹ ہوناچاہیے۔