محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ تصادم کی روک تھام کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔تمام ذمہ داران اور متعلقہ افراد و تنظیموں کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ضابطہ اخلاق کے مطابق محرم کے آغاز سے قبل امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ افسران ، تمام مکاتب فکر کے رہنمائوں کے ساتھ اجلاس کریں گے۔ان کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے مناسب اقدامات عمل میں لائیں گے۔ آئی جی سندھ کمشنرز، ڈی آئی جیز ، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز اپنے اپنے کنٹرول روم قائم کریں گے۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز مقامی مذہبی رہنماؤں کو اشتعال انگیز تقاریر سے باز رکھیں گے۔شر انگیز مواد پر مشتمل پمفلٹ، کیسٹ، وڈیو کی تقسیم ، فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔جن علماء پر پابندی ہے، ان کی کیسٹ اور ریکارڈ تقاریر چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔محرم الحرام کے دوران کار پارکنگ کے مقامات ، مجالس اور جلوسوں سے دور رکھے جائیں گے۔اونچی آواز میں لاؤڈ اسپیکر چلانے پر پابندی ہوگی۔ضابطہ اخلاق کے مطابق کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز شیعہ و سنی معززین پر مشتمل ضلعی امن کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔مجلس اور جلوسوں کے حوالے سے وقت کی سختی سے پابندی کی جائے گی۔مجالس کے روایتی مقامات اور جلوس کے منظور شدہ راستوں کو تبدیل کرنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔غیر منظور شدہ مجالس اور جلوسوں پر مکمل پابندی ہوگی۔