لاہور -کندیاں کے درمیان 2 ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان

0

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان ریلوے نے راولپنڈی سے لاہور اور کندیاں کے درمیان دو ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہےجن کا افتتاح 15ستمبر کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے کیا جائے گا۔ٹرینوں میں مارگلہ ایکسپریس مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد سے لاہور، جبکہ میانوالی ریل کار راولپنڈی سے کندیاں کے درمیان چلائی جائیں گی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ان ٹرینوں کی بحالی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پر کی گئی۔ مارگلہ ایکسپریس مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے شام 7بج کر 20منٹ پر روانہ ہو کر رات سوا 12بجے لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے چلنے کے بعد ٹرین 7بجکر 45منٹ پر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی، جہاں پندرہ منٹ سٹاپ کرنے کے بعد رات 8بجے دوبارہ لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ اسی طرح یہ ٹرین لاہور سے رات 8بجے روانہ ہو کر چکلالہ ریلوے اسٹیشن سے ہوتی ہوئی رات 12بج کر 15منٹ پر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی اور 15منٹ اسٹاپ کے بعد رات ساڑھے 12بجے روانہ ہو کر 12بج کر 55منٹ پر مارگلہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ دوسری بحال کی گئی ٹرین میانوالی ریل کار راولپنڈی سے صبح 7بجے روانہ ہو کر براستہ گولڑہ شریف، ترنول ہالٹ،فتح جنگ، بسال،جنڈ اور میانوالی سے ہوتی ہوئی دوپہر 12بج کر 10منٹ پر کُندیاں ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔اسی طرح کُندیاں ریلوے اسٹیشن سے یہ ٹرین دوپہر 2بجے روانہ ہو کر رات 7بجکر 10منٹ پر راولپنڈی اسٹیشن پر پہنچے گی۔اسلام آباد اور لاہور کے درمیان چلائی جانے والی پہلی ٹرین، مارگلہ ایکسپریس پہلی مرتبہ شیخ رشید احمد کے دور وزارت ریلوے کے دوران مئی 2006میں شروع کی گئی تھی تاہم 2010میں پاکستان ریلوے نے مالی خسارہ کم کرنے کے لیے درجنوں لوکل اور ایکسپریس ٹرینیں بند کر دی تھیں جن میں یہ دونوں ٹرینیں بھی شامل تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More