پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہائیکورٹ نے حلف اٹھالیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہائی کورٹ نے حلف اٹھالیاسینئر جج جسٹس طاہرہ صفدر نے بطورچیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے عہدے کاحلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس بلوچستان میں ہوئی، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے ان سے عہدے کا حلف لیا،تقریب میں ججز،وکلااور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،طاہرہ صفدرملکی تاریخ میں ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقررہوئیں۔ واضح رہے کہ جسٹس طاہرہ صفدر7 ستمبر 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کی جج بنیں،جسٹس طاہرہ صفدر نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر 5اکتوبر 1957کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی، بلوچستان یونیورسٹی سےاردو لٹریچر میں ماسٹرز کیا اور 1980 میں لاء کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی 22 اپریل 1982 میں وہ پہلی خاتون سول جج کے عہدے پر فائز ہوئیں۔29جون 1987 میں سینئر سول جج 27 فروری 1991 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور یکم مارچ 1996 میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر فائز رہیں وہ لیبر کورٹ اور بلوچستا ن سروس ٹریبونل میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں،وہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے تین رکنی خصوصی بینچ کی بھی ممبرہیں۔