افغانستان نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
بلفاسٹ(امت نیوز) افغانستان نے آئرلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی، فاتح ٹیم نے 125 رنز کا آسان ہدف 24ویں اوور میں محض 2 وکٹوں پر پورا کیا، احسان اللہ 57 اور حشمت اللہ شاہدی 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، راشد خان کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بلفاسٹ میں کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں میزبان آئرش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 36.1 اوورز میں 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی، گیری ولسن 23، سیمی سنگھ اور اینڈی بلبرائن 17، 17، کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 14، پال سٹرلنگ 2، نیل اوبرائن ایک، ٹم مورتگ 2 اور بائیڈ رینکن 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، راشد خان نے 3، گلبدین نائب، آفتاب عالم اور محمد نبی نے 2، 2 اور اصغر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔