غفلت پر گرفتار 7کے الیکٹرک ملازمین کا4 روزہ ریمانڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے کے الیکٹرک کی غفلت اورلاپروائی کے باعث 8سالہ محمد عمر کے دونوں بازوؤں سے محروم ہونے سے متعلق کیس میں گرفتار کے الیکٹرک کے 7 افسران و ملازمین کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔ ہفتہ کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں تھانہ سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس کی جانب سے کے الیکٹرک کے 7 افسران و ملازمین ڈپٹی منیجرمیٹراینڈ انسٹالیشن کمرشل ایریا سعید احمد ، فورمین محمد مشتاق ، نیو کنکشن سپر وائزر مزرا آصف بیگ ، میٹر چیکر آصف آقبال ، ثاقب حسین،بی او ای نیو کنکشن سید حیدررضا اور سید محمد عاصم کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر تفتیشی افسرنے مؤقف اختیار کیا کہ 25 جولائی کو سائٹ سپر ہائی وے پر ہائی ٹیشن تار گرنے سے 8 سالہ محمد عمر کرنٹ لگنے اور جھلس کر دونوں ہاتھ گنوا بیٹھا تھا، گرفتار ہونے والے ساتوں افراد کے الیکٹرک گڈاپ ٹاؤن کے ٹیکنیکل افسران وعملہ ہے، ملزمان کےخلاف غفلت و لاپرواہی اورانسانی اعضا کا ضائع ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، ملزمان سے تفتیش کرنی ہے استدعا ہے کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے ۔ عدالت نے ملزمان کے الیکٹرک کے 7 افسران و ملازمین کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔