نیو کراچی میں دکاندار نے مبینہ ڈاکو مار دیا – 3 فرار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں جنرل اسٹور کو لوٹنے کیلئے آنے والے ملزمان پر دکان کے مالک نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ ملزم ہلاک اور اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے، جب کہ پی ای سی ایچ ایس میں گارڈ نے نوجوان کو ڈکیت سمجھ کر فائرنگ کردی ، جس سے نوجوان زخمی ہوگیا۔پولیس نے گارڈ کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نیوکراچی سیکٹر فائیو بی ون میں واقع جنرل اسٹور پر موٹر سائیکل پر سوار 4افراد جنرل اسٹور کے مالک سے لوٹ مار کررہے تھے کہ دکان کے مالک محسن رشید نے مزاحمت کی تو ملزمان نے ہوائی فائرنگ شروع کردی ، جس پر دکان کے مالک محسن رشید نے اپنی لائسنس یافتہ پستول سے ملزمان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ سے ایک مبینہ ملزم ہلاک اور اس کے 3ساتھی فرار ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے پہنچ کر ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس ایچ او امتیاز میرجٹ نے بتایا کہ لوٹ مار کے دوران ملزمان اور دکاندار کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔اس کی عمر 28سے 30سال کے درمیان ہے ۔ٹیپو سلطان کے علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6میں انبالہ بیکری سے متصل گلی میں تعینات سیکورٹی گارڈ عمران نے ایک نوجوان کو ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔پولیس نے گارڈ کو گرفتار کرکے زخمی نوجوان کو قریبی اسپتال پہنچایا۔ایس ایچ او فیصل خان نے بتایا کہ زخمی کی شناخت 18سالہ سلمان ولد تاج عمر کے نام سے ہوئی ،جو چنیسر گوٹھ کا رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے بیان دیا ہے کہ مذکورہ نوجوان با ر بار گلی کا چکر لگا رہا تھا، جس پر میں نے اسے ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More