سرعام تشدد – ڈیم فنڈ کیلئے 30 لاکھ پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی کو معافی

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے عام شہری پر تشدد کرنے والے پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی عمران شاہ کو 15 دن کے اندر دیامر بھاشا ڈیم کے لیے 30 لاکھ روپے بطور جرمانہ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔قانونی ماہرین کے مطابق یہ جرمانہ سزا کے زمرے میں نہیں آتا۔سندھ بار کونسل کے وائس چئیرمین صلاح الدین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران شاہ کو معافی ملی ہے۔ ڈیم فنڈ کیلئے جرمانہ دراصل کمپنسیشن(ازالہ) ہے۔اگر اسے سزا دی جاتی تو ساتھ میں کہا جاتا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر اتنے ماہ قید بھگتنا ہوگی۔قبل ازیں ہفتہ کو کراچی رجسٹری میں از خود نوٹس کی سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے عمران علی شاہ کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ عوام کے نمائندے ہیں ، اس طرح سرعام تشدد کریں گے، کیا سوچ کر شہری کو تھپڑ مارا؟ کوئی جانور کو بھی اس طرح نہیں مارتا۔جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل معافی جرم ہے۔ میں باہر آتا ہوں، مجھے مار کر دکھائیں۔اس موقع پر عمران علی شاہ نے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سوری سر میں شرمندہ ہوں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا سوری؟ میں نے بچپن میں ملازم کو بیلٹ سے مارا تھا، میرے والد نے مجھے دوبار سبق سکھانے کیلئے مارا۔چیف جسٹس نے متاثرہ شہری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ معاوضہ لے کر بیٹھ گئے،کیوں معاف کیا، عزت کا کوئی معاوضہ نہیں ہوتا۔جس پر متاثرہ شہری داوٴد چوہان نے جواب دیا کہ نامزد (اب موجودہ) گورنر سندھ عمران اسماعیل میرے گھر پر چل کر آئے تھے۔معاف کرنے پر ایک روپیہ نہیں لیا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عمران شاہ نے کتنے تھپڑ مارے تھے؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ 3سے 4تھپڑ تھے؟اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عمران شاہ کو بھی سر عام اسی طرح 4تھپٹر مارے جائیں گے،ابھی وہ کلپ چلاتے ہیں اور سب کو عدالت میں دکھاتے ہیں جس کے بعدجسٹس ثاقب نثار نے ویڈیو چلانے کے لیے آلات منگوا لیے اور کمرہ عدالت میں شہری پر تشدد کی ویڈیو دکھائی گئی۔بعدازاں چیف جسٹس نے عمران شاہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جائے؟عمران شاہ نے جواب دیا کہ والد اور والدہ کو گالیاں دینے پر مجھے غصہ آگیا تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی یہ برداشت ہے کہ غصہ آیا تو تھپڑ ماردیا، داؤد چوہان کی عمر دیکھیں، شرم آنی چاہیے؟ کس پارٹی سے ہیں؟ آپ پر 62ون ایف لگاتے ہیں۔ جیب سے ہاتھ نکالیں اور تمیز سے کھڑے ہوں، عدالت کا احترام کرنا سیکھیں۔بعدازاں جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کوئی خیال کریں اور سب کے سامنے معافی مانگیں۔عدالت کے حکم پر عمران شاہ نے داوٴد چوہان سے معافی مانگ لی۔چیف جسٹس نے داوٴد چوہان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تذلیل کی گئی، آپ بتائیں کیا کرنا چاہیے؟دوٴاد چوہان نے جواب دیا کہ مجھے صرف اس بات کا غم ہے کہ مجھ پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا۔میں نے اللہ کی رضا کی خاطر عمران شاہ کو معاف کیا، مگر انہیں کم سے کم ایک سال تک چھوٹی گاڑی میں ہماری طرح سفر کرنا چاہیے۔جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ بڑی گاڑی کے بغیر نہیں رہ پائیں گے، ساتھ ہی استفسار کیا کہ کیا آپ بڑی گاڑی کے بغیر رہ لو گے، تو اس پر عمران شاہ نے جواب دیا جو آپ کا حکم ہو۔نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر داوٴد چوہان کے بیٹے نے استدعا کی کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے ہمارے خلاف مہم چلائی، تضحیک کی۔عمران شاہ کو کم از کم عوامی نمائندہ نہیں رہنا چاہیے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میں ازخود نوٹس لے کر کسی پر احسان نہیں کرتا، اس طرح لوگ فرعون بن جاتے ہیں لیکن ہم مثال قائم کریں گے۔اس کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے عمران علی شاہ کو جرمانے کے طور پر پندرہ دن کے اندر دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 30لاکھ روپے جمع کروانے کا حکم دیا اور شہری تشدد ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔خیا ل رہے کہ 14اگست کی شب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عمران علی شاہ کو ایک شہری داؤد چوہان پر تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، رکنِ صوبائی اسمبلی کے ہمراہ ان کے گارڈز بھی موجود تھے جنہوں نے شہری کو دھمکیاں بھی دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More