کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی متوقع طور پر دوبارہ تعیناتی کی اطلاعات کیخلاف گرینڈ جرگے نے آج سہراب گوٹھ پر جلسے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران سپر ہائی وے پر دھرنا بھی دیا جائے گا۔ مقتول نقیب محسود کے لواحقین کو انصاف دلوانے کیلئے قائم گرینڈ جرگے کے مرکزی رہنما محمود محسود نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ نقیب کے معاملے میں انصاف ملے گا، لیکن جس طرح سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو پروٹوکول دیا گیا اس سے ہمیں بہت دکھ ہوا کہ جو شخص ہمارے بچوں کے قتل میں ملوث ہے اسے ضمانت پر رہائی مل گئی اور اتنی عزت دی جارہی ہے، اب یہ اطلاعات ہیں کہ اسے دوبارہ تعینات کیا جارہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ نقیب محسود کو ہی قصور وار ٹھہرانے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہرجگہ یہ یقین دلایا گیا تھا کہ انصاف ملے گا لیکن ہمارے ساتھ مذاق کیا گیا ہے، نقیب محسود کے والد بھی آگئے ہیں اور ان کا گھرانہ آج بھی بہت پریشان ہے، اس لئے ہم آج اتوار کو سہراب گوٹھ پر اسی مقام پر گرینڈ جرگہ کریں گے جہاں پہلے کیا گیا تھا اور اس میں وہ تمام افراد شامل ہونگے جو پہلے بھی انصاف کیلئے ہماری مدد کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جرگے میں ہم محرم کے بعد کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق جرگے کے دوران مظاہرین سپر ہائی وے پر دھرنا بھی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ہائی وے پر ٹریفک صورتحال خراب ہوسکتی ہے، اس کے پیش نظر ضلع ملیر کی پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے، ضلع ملیر کا ہر ایس ایچ او 20 اہلکاروں کیساتھ اتوار کی صبح ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کے پاس رپورٹ کرے گا۔ اس حوالے سے رابطے پر ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر نے بتایا کہ ہمیں صرف جرگے کے انعقاد سے آگاہ کیا گیا ہے اور اسکے علاوہ ان کا کوئی شیڈول نہیں ہے، تاہم اگر امن و امان کی صورتحال خراب یا لوگوں کو مشکلات ہوں تو اس کیلئے بھی تیاری کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے بھی ہائی وے پر ٹریفک کے مسائل آئے تھے۔