انگلینڈ نے بھارت کو ہراکر سیریز جیت لی
ساؤتھ ہیمپٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ نے بھارت کو چوتھے ٹیسٹ میں 60 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 1-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ۔ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا۔سیم کرن کی شاندار بیٹنگ اور ٹیل اینڈرز کی مزاحمت کے باعث انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ سیم کرن 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 273 رنز ہی بناسکی یعنی بھارت کو صرف 27 رنز کی ہی لیڈ مل سکی۔بھارت کی جانب سے پجارا نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری اننگز میں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 271 رنز بنائے اور یوں بھارت کو 245 رنز کا ہدف ملا۔ بھارت کی پوری ٹیم 184 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں کوہلی 58 اور رہانے 51 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے ایک مرتبہ پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاندار بولنگ کارکردگی پر معین علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔