عراق-ایران سے واپس زائرین کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے-وزیر اعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پاک ایران سرحد پر امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے اور مستقبل میں زائرین آپریشنز کو بہتر بنانے کیلئے مستقل لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت عراق اور ایران سے واپس آنے والے زائرین کی سیکورٹی اور سہولیات سے متعلق اجلاس ہوا،اس موقع پرعمران خان نے کہاکہ زائرین کی مکمل سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے، ایران اور عراق سے واپس آنے والے زائرین کی سیکیورٹی کا جامع پلان 48 گھنٹوں میں تیار کیا جائے۔دریں اثنا وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ، میرٹ کی بالادستی اور کفایت شعاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ہم گورنس کو تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی کابینہ اور بیوروکریسی سے ہونے والی ملاقات تعمیری رہی۔سب پر واضح کر دیا ہے کہ 100 دن کے پروگرام کے اہداف کے حصول کو ترجیح دی جائے۔ پنجاب پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے گا۔