ضمنی الیکشن میں ٹکٹ نہ ملنے پر علی رضا عابدی متحدہ سے مستعفی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)این اے243 کا ٹکٹ نہ ملنے پر علی رضا عابدی ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔متحدہ کا کہنا ہے کہ علی رضا پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہے تھے ، ایک بار پہلے بھی ان کی رکنیت ختم کی جا چکی ہے۔متحدہ کے علی رضا نے اتوار کو ایک ٹویٹ کے ذریعے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان اپنی ٹویٹ کے ذریعے کیا ہے اور اس کی وجہ ذاتی قرار دی ہے ۔2روز قبل علی رضا عابدی نے انہیں این اے 243 سے ٹکٹ نہ ملنے پر برا محسوس ہونے کی ٹویٹ کی تھی اور کہا تھا کہ حلقے میں انہوں نے ایک ماہ بہت محنت کی تھی اور ٹکٹ ان کا حق تھا۔اب پارٹی کے نامزد اُمیدوار کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور پر اُمید ہوں کہ وہ ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوں گے۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی کی رکنیت 4 دسمبر 2016 کو ہی ختم کردی گئی تھی اور انہیں قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔