مزید3کشمیری شہید-مجاہدین حملے میں بھارتی فوجی ہلاک
لاہور؍ سرینگر(نمائندہ امت؍اے پی پی)مقبوضہ کشمیرکے ضلع بانڈی پورہ میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی میں مزید 3کشمیریوں کو شہید کردیا ، مجاہدین کے حملے میں 1بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔جبکہ شوپیاں میں شدید پتھراؤسےقابض فوج پسپاہوگئی جس کی وجہ سے مجاہدین کا محاصرہ ٹوٹ گیا۔تفصیلات کےمطابق بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کو دھنہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے تھے۔ شوپیاں ضلع میں نہتے کشمیریوں نے بھارتی فوج پر شدید پتھراؤ کرتے ہوئے محاصرہ توڑ ڈالا جس پر کشمیری مجاہدین علاقہ سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔اس دوران بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کے چھرے برسائے اور زبردست لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے 20سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جھڑپوں میں متعدد بھارتی فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگئے ۔ادھرمقبوضہ جموں کے پونچھ علاقہ میں بھارت مخالف نعرے بازی پر پانچ افراد کو گرفتار کر کے پبلک سیفٹی ایکٹ لگا کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ حریت قائدین سمیت کشمیری جماعتوں نے پرامن کشمیریوں پر پی ایس اے عائد کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔امت کی رپورٹ کے مطابق کشمیری مجاہدین کے علاقہ سے نکلنے پربھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔آخر ی اطلاع ملنے تک بھارتی فوج کا محاصرہ جاری تھا جبکہ رات گئے تک بھارتی فوج اور کشمیری مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی جاری رہیں۔