واجد ضیاء کے بیان میں مبینہ تبدیلی کیخلاف درخواست کی آج سماعت
اسلام آباد ( نمائندہ امت ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں پانامہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کے بیان میں مبینہ ردو بدل کے خلاف نواز شریف کے وکیل کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی۔ آج پیر کو جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ سماعت کرے گا۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جرح کے دوران واجد ضیاء کے بیان میں تبدیلی کی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 30 اگست کو ریکارڈ کئے گئے واجد ضیاء کے بیان کو ختم کرکے دوبارہ جرح کا حق دیا جائے۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ عدالتی ہفتے میں مقدمات کی سماعت کے لئے ایک ڈویڑن اور 2سنگل بنچ تشکیل دے دیئے۔ آج پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا ۔ چیف جسٹس اسلام آبا دہائی کورٹ جسٹس محمد انور خان کاسی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔