کراچی(اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں) مدینہ ایئر پورٹ پر پھنسے شاہین ائیر کے 350حجاج کرام کو 2روز تک کھانا نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ائیر لائن نے اپنی ذمہ داری کے برعکس پرواز میں 2 دن تاخیر کے باوجود بیرون ملک ایئر پورٹ پر محصور حاجیوں کو نہ صرف نظر انداز کردیا، بلکہ ان کیلئے کھانے پینے اور رہائش کا بھی نتظام نہ کیا، جس کی وجہ سے وہ 2 روز شدید کا مشکلات کا شکار رہے۔تفصیلات کے مطابق خصوصی اجازت ملنے کے بعد شاہین ایئر کی پہلی حج پرواز این ایل 704 کے ذریعے216 حجاج کرام اتوار کی صبح 5 بجکر 30 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پہنچ گئے۔متاثرہ حجاج کا کہنا ہے کہ انہوں نے مدینہ ائیر پورٹ پر 2 روز کھانے اور رہائش کے بغیر بڑی مشکل سے گزارے، جبکہ 134 حجاج تا حال وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ وطن پہنچنے پر حجاج کرام بہت خوش تھے اور عزیز و اقارب نے ان کا استقبال کیا۔ کراچی ائیر پورٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں متاثرہ حجاج کرام کا کہنا تھا کہ مدینہ ایئر پورٹ پر ان کے پاس کھانے کیلئے کچھ تھا اور نہ ہی رہنے کی جگہ تاہم بعد میں انہیں ایک غیر معیاری ہوٹل میں رہائش مہیا کی گئی۔ حجاج کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن کے جو 134 مسافر تاحال پھنسے ہوئے ہیں، انہیں جلد واپس وطن لایا جائے۔ واضح رہے کہ پرواز میں غیر معمولی تاخیر یا کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فضائی کمپنی کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ مسافروں کو کھانے اور رہائش کی سہولیات فراہم کرے۔