کراچی(اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں) ضیا الدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد ہونے سے متعلق کیس میں پی پی رہنما شرجیل میمن کو کلین چٹ مل گئی ہے۔نجی اسپتال لیبارٹری کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شرجیل میمن کے خون میں شراب کا عنصر نہیں پایا گیا، جب کہ الکوحل کے استعمال سے متعلق دیگر 3 ٹیسٹ بھی نارمل ہیں۔ شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلوں کی تصدیق کرنے والے چیف کیمیکل ایگزامنر کی رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ ایک بوتل میں شہد اور دوسری بوتل میں کھانےکا تیل موجود ہے۔ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ضیاالدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے میں شراب کی بوتلیں رکھنے کے الزام میں گرفتار 3 ملزمان شکردین , محمد جام اور محمد مشتاق علی کو فی کس 10،10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے تینوں ملزمان کے ریلیز آرڈر جاری کرتے ہوئے جیل حکام کو ہدایت جاری ہے کہ اگر ملزمان کسی دوسرے مقدمہ میں گرفتار نہیں ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔عدالت نے ملزمان کو 15 ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا ہے ۔