کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کرنے والی جج پر عدم اعتماد اور مقدمات کی دوسری عدالت میں منتقلی کے لیے دائر اپیل پر سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر کو24ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردئیے۔ فاضل عدالت نے اے ٹی سی کی متعلقہ عدالت سے بھی جواب طلب کرلیا ہے۔ پیر کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ پر مشتمل سنگل بنچ نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کرنے والی جج پر عدم اعتماد کے خلاف مقتول نقیب اللہ کے والد محمد خان کی جانب سے کرمنل ٹرانسفر اپیل کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر کرمنل ٹرانسفر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ درخواست گزار انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں اور درخواست گزار کے عدم اعتماد کے باجود اے ٹی سی کی جج نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت جاری رکھے ہوئی ہیں۔ اے ٹی سی کی جج نقیب اللہ قتل کیس میں جانبداری کا مظاہرہ کررہی ہیں، لہذا استدعا ہے کہ اے ٹی سی ٹو کی جج کو مقدمات کی مزید سماعت سے روکا اور مقدمات دوسری عدالت منتقل کیے جائیں۔