تجاوزات کیخلاف کارروائی کے نام پر اخبار فروش کا اسٹال ضبط

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنرکورنگی نے تجاوزات کیخلاف کارروائی کے نام پربھتہ نہ دینے پر اخبار فروشوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ اخبار فروش کا اسٹال ضبط کرلیا اور سینئر اخبار فروش غلام مرتضیٰ کو 4 گھنٹے تک تھانے میں بٹھائے رکھا، احتجاج کے بعد رہائی ملی۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرکورنگی احمد علی سومرو نے ضلع میں موجود تجاوزات اور غیر قانونی پتھاروں کے خلاف کارروائی کے بجائے اخبار فروشوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ گزشتہ روز احمد علی سومرو کی قیادت میں اینٹی انکروچمنٹ عملے نے ملیر کالا بورڈ پر پتھاروں کے خلاف نمائشی کارروائی کی جس میں روزانہ کی بنیاد پر رشوت دینے والے پتھارے داروں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے کارکردگی دکھانے کے لئے اخبار فروش کا اسٹال اکھاڑ دیاگیا، مذکورہ اسٹال ملیر کالا بورڈ پر واقع نہال اسپتال کے سامنےواقع تھا جہاں احمد علی سومرو اپنی ٹیم کے ہمرا پہنچے عملے کو چند اسٹالز کی نشاندہی کی جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ عملے نے اخبار فروش کااسٹال اور وہاں موجود اخبار زمین پر پھینک دیئے۔معلوم ہوا کہ مذکورہ اخبار کا اسٹال بینائی سے محروم محمد سلیم نامی شخص کا ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے نہال اسپتال کے سامنے اخبار فروخت کرتا آرہا ہے اور اپنے بیٹے کے ساتھ مذکورہ اسٹال پر بیٹھ کر روزی کماتا ہے۔امت کو ملیر کالا بورڈ پر لگے دیگر اسٹالز کے مالکان نے بتایا کہ عملہ فی پتھارا یومیہ 200روپے وصول کرتا ہے جبکہ رشوت نہ دینے کی صورت میں کارروائی کی دھمکی دی جاتی ہے ۔ایک اسٹال کے مالک کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ احمد علی سومرو نے جن اسٹال کی نشاندہی کی اینٹی انکروچمنٹ عملے کی جانب سے صرف انہیں اسٹال کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ اطراف میں موجود دیگر غیر قانونی اسٹالز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی کالا بورڈ پر درجن سے زائد غیر قانونی پتھارے موجود ہیں تاہم یومیہ بھتہ ملنے کی وجہ سے ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاتی۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کا امت سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تجاوزات کے نام پر اخبار فروشوں کے اسٹالز کو نہ چھیڑا جائے تاہم مذکورہ کارروائی کے خلاف احمد علی سومرو سے پوچھ گچھ کی جائے گی اور اس حوالے سے جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب سینئر اخبار فروش غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ من پسند افراد کے پتھارے لگائے گئے ہیں جبکہ پیسے نہ دینے والے پتھاریداروں اور ان کے پتھارے بھی اٹھا کر لے گئے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اخبار فروشوں کو تحفظ دیا جائے اور ان کے اسٹال نہ توڑے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More