جے آئی ٹی بننے سے منی لانڈرنگ کیس منطقی انجام کو پہنچے گا – قانونی ماہرین
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سینئر قانون دانوں نے کہاہے کہ منی لانڈرنگ معاملات میں کوئی ابہام نہیں ،سپریم کورٹ کی جانب سے سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کافیصلہ بہت اہم اور خوش آئندہے اس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے ، منی لانڈرنگ کیس منطقی انجام کو پہنچے گا ،لگتاہے اب زرداری کے جیل جانے کی باری ہے ۔امت سے گفتگو کرتے ہوئے زیڈ اے بھٹہ ،جسٹس (ر) فیاض احمد،ڈاکٹرمحمود اسلم ،بیرسٹرفہیم احمدخان ودیگر کا کہنا تھا کہ عدالت کافیصلہ خوش آئندہے تاہم ارکان کے نام سامنے آنے پر ہی پتہ چل سکے گاکہ ٹیم کتنی موثر ہے اور کس حدتک کامیاب رہے گی ۔انھوں نے کہاکہ جے آئی ٹی بنانے اور اس کی ٹائمنگ بھی نظراندازنہیں کی جاسکتی ،عام انتخابات کے ساتھ ساتھ صدارتی انتخابات بھی ہوچکے ہیں ایسے میں تحریک انصاف نے مرکزسمیت دیگر صوبوں میں حکومت بنالی ہے ۔سپریم کورٹ نے بھی پہلے آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ کوعام انتخابات کے بعدتک کاریلیف دیا،جے آئی ٹی بنانے کی بازگشت تواس وقت بھی سنائی دی تھی مگر اس معاملے کوموخر کیاجاتارہا،ایف آئی اے کے پاس بھی کافی مواد آچکاہے اس لیے اب جے آئی ٹی بنانے کافیصلہ ضروری تھا ۔