اسلام آباد( نمائندہ خصوصی/مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب)نے وزیر دفاع پرویز خٹک، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور میئر کراچی وسیم اختر سمیت کئی اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں 14 مختلف انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔نیب اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبر پختون و موجودہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے ،تاہم نیب اعلامیہ میں پرویز خٹک کے خلاف انکوائری کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معروف صنعت کار اقبال زیڈ احمد کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔نیب نے کراچی کے مئیر وسیم اختر اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغاسراج درانی اور دیگر کے خلاف بھی انکوائریوں کی منظوری دی ہے۔ دریں اثنااحتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان کو 18 ستمبر کو طلب کر لیا۔ریفرنس میں مجموعی طور پر 7 ملزمان کو طلب کیا گیا ہے ،جن میں سابق سیکریٹری قانون مسعود چشتی اور ریاض کیانی بھی شامل ہیں۔