پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی سے متعلق تحفظات کو دور کیاجائیگا- فواد چوہدری
اسلام آ باد(پ ر) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام ، قانون سازی اور ادارہ جاتی پالیسی کے اقدامات میڈیا انڈسٹری کی سہولت کیلئے کئے جا رہے ہیں تاہم اگر اس پر تحفظات ہیں تو انہیں سی پی این ای اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے دور کیاجائے گا ۔معلومات تک رسائی کو ممکن بنایا جائے گا۔ اشتہارات کی شفاف تقسیم اور ریکوری کیلئے میڈیا تنظیموں کی مشاورت سے میکنزم بنایاجائے گا۔ اشتہارات کے اجران اور ریکوری کے حوالے سے بھی طریقہ کار وضح کیا جائے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت کو بنے ابھی صرف چند دن ہی ہوئے ہیں مگر ہمارے اوپر تنقید اس طرح کی جارہی ہے جیسے ہم سالوں سے اقتدار میں ہوں ۔ ہم نے سب سے پہلے سرکاری میڈیا سے سنسر شپ کا خاتمہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن حالات میں ہمیں حکومت ملی ہے وہ انتہائی دگرگوں حالات ہیں ۔ مشرف کا دورکا 6ہزار کروڑ کا بیرونی قرضہ ، نواز شریف کی حکومت کے خاتمے تک 28 ہزار کروڑ تک پہنچ چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام بنیادی طورپر اہل صحافت کی سہولت کیلئے کیا جارہا ہے ۔ فواد چوہدیر نے 6 ستمبر کی مناسب سے شہدا ، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو خصوصی طورپر خراج تحسین پیش کیا ۔ سوالوں کے جواب پر انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میڈیا انڈسٹری کو مضبوط بنانے کے لئے مناسب سائز میں اشتہارات جاری کرے گی ۔ قبل ازین سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے وفاقی وزیر کو صحافیوں، ایڈیٹروں اور میڈیا کارکنوں سمیت اخباری اداروں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ میڈیا سے متعلق کسی بھی فیصلہ سازی ، قانون سازی میں سی پی این ای سے مشاورت کی جائے ۔ سابق صدر ضیا شاہد نے کہاکہ حکومت اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کو جلد از جلد ممکن بنائے ۔ اجلاس میں امتان شاہد، ڈاکٹر جبار خٹک ، اکرام سہگل ، ایاز خان ، رحمت علی رازی، طاہر فاروقی ، عارف بلوچ،عامر محمود ، حامد حسین عابدی و دیگر نے شرکت کی ۔