کراچی (رپورٹ/ خالد سلمان) کے الیکٹرک کی غفلت ولاپرواہی نے ایک اور جان لے لی، جیکسن میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے بھینسوں کو پانی پلانے کے لئے آنے والا ایک شخص جان سے گیا، پہلے بھی مذکورہ کھمبے سے چپک کر 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، متوفی کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کا کے الیکٹرک کے خلاف کیماڑی غریب شاہ مزار پر لاش رکھ کر احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین کی کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی۔ جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں کرنٹ سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی کمبیلا چوک کچرا کنڈی کے قریب گزشتہ روز گھر کے باہر بھینسوں کو پانی پلانے کے لئے آنے والا 51 سالہ حاضر خان ولد دلیل کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔ تاہم جمعرات کی شام متوفی کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے لاش کے ہمراہ کیماڑی غریب شاہ مزار پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج شروع کردیا، مشتعل مظاہرین کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی غفلت اور لاپرواہی نے ایک اور شخص کی جان لے لی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی ملی بھگت سے علاقے میں کنڈا مافیا نے جگہ جگہ کنڈے کے کنکشن دے رکھے ہیں، جس کے باعث علاقے میں کنڈے کے تار ٹوٹ کر کھمبوں سے لٹکے رہتے ہیں، مگر کے الیکٹرک انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ احتجاج کے باعث مسان روڈ اور اطراف میں ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے احتجاج کے دوران کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی، بعدازاں اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا، جس کے بعد اہلخانہ نے متوفی کو سپردخاک کردیا۔ ایس ایچ او نصیر تنولی نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب متوفی گھر کے باہر بھینسوں کو پانی پلانے کے لئے آیا تھاکہ جہاں کھمبے پر بجلی کا تار ٹوٹ کر گرنے کے باعث کھمبے میں کرنٹ تھا، متوفی نے جیسے ہی کھمبے کو ہاتھ لگایا تو کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ادھر ڈیفنس کے علاقے کھڈا مارکیٹ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن بے ہوش ہو گیا جس کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 25سالہ ارسلان ولد شفیع کے نام سے کی گئی۔ شاہ لطیف کے علاقے بھینس کالونی موڑ کے قریب گھر میں کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے 28 سالہ عمران شیخ ولد عاصم شیخ جاں بحق ہوگیا۔