مقبوضہ کشمیر میں پھر خواتین کی چٹیاں کاٹنے کی وارداتیں شروع
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور ایجنسیوں کے اہلکاروں نے خوف و ہراس پھیلانے کیلئے ایک مرتبہ پھر خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کی وارداتیں شروع کردیں۔ گزشتہ روز راجوری میں ایک واقعہ پیش آیا ہےجس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مذکورہ خاتون ضلع میں کوٹرنکہ کے علاقے بریڑی میں اپنے بہن کے گھر جارہی تھی جب نامعلوم افراد‘ جن سے متعلق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ یقینی طور پر بھارتی فورسز کے اہلکار ہیں‘ نے اس کے بال کاٹ دیئے۔خاتون خوف کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی اور اسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا۔ خاتون کی چوٹی کاٹنے کے واقعہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔ گزشتہ سال جموں کشمیر میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے پراسرار واقعات رونما ہوئے تھے۔تاہم رواں سال پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے۔