آباد کے رہنما بھی سراج قاسم تیلی سے نالاں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈولپرزپاکستان(آباد) سراج قاسم تیلی سے نالاں نکلی ، کراچی چیمبر آف کامرس انتخابات میں پیٹریاٹ پینل کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق آباد کے رہنماؤں محسن شیخانی، عارف جیوا اور حنیف گوہر نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور شرکا سے خطاب بھی کیا ۔آباد کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی نے کہاکہ کراچی چیمبر آف کامرس کے کرتا دھرتا فیڈریشن کو عزت نہیں دیتے ۔ جہاں وفاق کی عزت نہیں وہاں ایک عام تاجر کی کیا عزت ہوگی ۔ افضل چامڈیا اور ان کی ٹیم نیا خون ہے ۔ ہم تبدیلی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور یقیناً تبدیلی آئے گی ، یہ وہی الیکشن ہیں جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانا بھی ممکن نہ تھا ۔ شہر کا کام رکا ہوا ہے ، کراچی چیمبر کے ذمہ داران کبھی لوگوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے ، اب ہمیں ایک آواز ہونا ہوگا ہم نے آباد شروع کیا تو ہم چند ہی تھے آہستہ آہستہ کارواں بنتا گیا ۔ محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ہم نے حنیف گوہر کے ئے سراج قاسم سے ووٹ مانگا تو جواب دیا گیا کہ ہمارا فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ۔آباد کے صدر عارف جیو ا نے کہاکہ ہائی رائز پر پابندی لگی تو سراج قاسم تیلی اور ان کی ٹیم نے ہماری کوئی مدد نہیں کی جبکہ ایس ایم منیر میری ایک کال پر آباد دفتر آئے اورپریس کانفرنس بھی کی ۔ سراج قاسم تیلی کو متعدد بار فون کیا لیکن انہوں نے کبھی فون کا جواب تک نہ دیا ۔ گزشتہ الیکشن میں حنیف گوہر کو فیڈریشن میں الیکشن لڑوایا ، ہم نے سراج قاسم سے ملاقات کی انہوں نے بریانی کھلائی ، پیپسی اور فانٹا بھی پلائی لیکن ہمیں ووٹ نہیں دیا ہم نے اب ایس ایم منیر کو تیار کیاکہ ان کی سرپرستی میں چیمبر میں اچھے لوگوں کو لائیں وہ تیار ہوگئے ۔ حنیف گوہر نے کہاکہ نیا پاکستان بنا ہے نئی سوچ آئی ہے کراچی چمیبر آف کامرس میں بھی مونوپولی کو ختم کرنا ہے ۔ یہاں اب پیٹریاٹ کی ٹیم تبدیلی لائے گی ۔