برازیل میں صدارتی امیدوار چاقو حملے میں زخمی
برازیلیا(امت نیوز)برازیل میں صدارتی امیدوار جائر بولسونارو انتخابی مہم کے دوران چاقو سے کئے گئے حملے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے ۔حملے کے دوران آنتوں میں شدید زخم آنے کی وجہ سے ان کا ہنگامی آپریشن کیا گیا ۔سرجن ڈاکٹر لوئس ہنری بورساتو کے مطابق صدارتی امیدوار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں آئندہ 7روز تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا جائے گا ۔2 گھنٹے تک جاری رہنے والی سرجری میں خون کا اندرونی بہاؤ روکا گیا اور چاقو سے ہونے والے زخموں کو ٹھیک کیا گیا۔ صدارتی امیدوار کا آئندہ چند ماہ میں ایک اور آپریشن کیا جائے گا جس میں آنتوں کے ایک حصے کی سرجری کی جائے گی۔برازیل کے صدارتی امیدوار پر اس وقت حملہ ہوا تھا جب حامی انہیں کندھوں پر اٹھائے ہوئے تھے اور وہ ہجوم کو دیکھتے ہوئے بائیں ہاتھ سے جیت کا نشان بنارہے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آوار 40سالہ ایڈیلیوبسپو اولیویرا کو ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا۔ ملزم ذہنی مریض لگتا ہے جسے 2013 میں بھی ایک حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔حملے کےوقت صدارتی امیدوار نے حفاظتی جیکٹ نہیں پہن رکھی تھی۔ برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر کا کہنا ہے کہ اگر ہم میں عدم برداشت ہے تو ہم قانون برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔ جائربولسونارو کی جانب سے نائب صدر کے امیدوار ہیملٹن موراؤ نے حملے میں بائیں بازو کی جماعت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اپنی صدراتی مہم روکنے کا اعلان کر رکھا ہے۔