واشنگٹن(امت نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے سابق مشیر کو ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے پر 14 روز قید کی سزا سنادی گئی۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جارج پاپاڈوپولس نے امریکہ کی مقامی عدالت میں اپنے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران کہا کہ انہوں نے روسی حکام سے روابط پر جھوٹ بولاتھا ،جس پر شرمندگی اور پشیمانی ہے۔جارج پاپاڈوپولس ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے صدارتی مہم کے پہلے مہم ساز ہیں اور انہیں خصوصی وکیل رابرٹ ملر کی جانب سے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت پر جاری تحقیقات میں سزا دی گئی ہے۔ 14دن قید کی سزا پوری کرنے کے بعد بھی انہیں 12مہینے کڑی نگرانی میں گزارنے ہوں گے اور 2سو گھنٹے کمیونٹی کی خدمات کے لیے صَرف کرنا ہوں گے ،جبکہ 9ہزار 5سو ڈالر کا جرمانہ اس کے علاوہ ہو گا۔امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر روس کے اثر انداز ہونے پر اب تک صدر ٹرمپ کے 6ساتھیوں کو سزا سنائی جا چکی ہے ،جس میں ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن کو مالی بے ضابطگی، مائیکل فلین، رک گیٹس، الیکس وین، جارج پاپو ڈولس اور رچرڈ پائینڈو کو ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے پر سزا بھگتنا پڑی ہے۔علاوہ ازیں امریکی صدارتی انتخاب میں 13روسی شہریوں اور 12روسی افسران پر بھی مقدمات بنائے گئے ہیں۔