برمنگھم(مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نےسپر ویلٹر ویٹ مقابلہ جیت لیا، انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے مقابلے میں انہوں نے کولمبین سیموئیل کو پوائنٹ کی بنیاد پر شکست دے دی۔کنگ خان کی فائٹ دیکھنے کیلئے برطانیہ میں مقیم پاکستانی بڑی تعداد میں پہنچے، عامرخان کے تابڑ توڑ مکے حریف کو پڑے تو مداحوں نے لطف اٹھایا اور اس خوشی کا اظہار انہوں نے میچ کے بعدبرمنگھم ایرینا کے باہر بھنگڑے ڈال کر کیا۔بعض نے پاکستانی پرچم بھی تھام رکھے تھے۔ جیت کے بعد پاکستانی نژاد باکسر نے اعلان کیا کہ اب ان کا ہدف ویلٹر ویٹ چیمپئن مینی پکاؤ ہیں۔کولمبین حریف سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔سیموئل ورگاس اچھے فائٹر ہیں۔ مقابلہ توقع سے زیادہ سخت تھا۔عامر خان نے پاکستان میں بھی باکسنگ مقابلوں کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ پاکستانیوں میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔وہاں مزید باکسنگ اکیڈیز کھولنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم عمران خان اسپورٹس مین رہ چکے ہیں۔ امید ہے کہ کھیلوں کو فروغ دیں گے۔واضح رہے کہ پاکستانی نژاد باکسر عامر خان کیریئر کی 37میں سے 33فائٹس جیت چکے ہیں۔برمنگھم میں ہونے والی فائٹ میں عامر خان مقابلے کی ابتدا سے ہی اپنے کولمبین حریف سیموئیل ورگاس پر حاوی نظر آئے۔ حریف کو کسی بھی لمحہ سنلنےبا کا موقع نہیں دیا اور اس پر مکوں کی بارش کردی۔ دونوں باکسرز کے درمیان بارہ راوٴنڈز کھیلے گئے۔ مقابلہ 36منٹ جاری رہا۔ تینوں ججز نے پوائنٹس کی بنیاد ہر عامر خان کے حق میں فیصلہ دیا۔پاکستانی نژاد باکسر کا رواں سال میں دوسرا مقابلہ تھا۔ 22اپریل کو انہوں نے کینیڈا کے فل لو گریکو کو صرف 40سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔اس سے قبل سابق لائٹ اور ویلٹر ویٹ عالمی چیمپیئن عامر خان 2016میں لاس ویگاس میں سول کینیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہونے کے بعد2 برس تک رنگ سے باہر رہے۔