اتوار کے روز خوا تین- بچوں سمیت شہری بڑی تعداد میں گورنر ہاؤس آمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر گورنر ہائوس سندھ کے دروازے عوام کے لئے کھولے جانے کے تیسرے روز بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے گورنر ہائوس کی تاریخی عمارت کو دیکھا اور خوشگوار مسرت کا اظہارکیا۔ اتوار کو تعطیل کے باعث بچوں اور خواتین بھی بڑی تعداد میں گورنر ہائوس آئے۔ گورنر ہائوس آنے والوں کا کہنا تھا کہ تاریخی عمارت میں اندر آنے کی اجازت ملنے پر ہم گورنر سندھ کے مشکور ہیں۔ خواتین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی قابل تحسین فیصلہ ہے جس سے عوام بالخصوص بچوں کو اس عمارت اور قائد کی زندگی کے بارے میں بہت کچھ جاننے کو ملے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر سندھ کے اس فیصلے کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے۔ گورنر ہائوس کے دیگر حصوں کیلئے گائیڈڈ ٹورز بھی جلد تعینات کئے جائیں گے۔