جسقم کے 15 کارکن قومی دھارے میں شامل
محراب پور/پڈعیدن(نمائندگان) لاکھاروڈ میں قوم پرست جماعت جسقم کے15 سے زائد کارکنان قومی دھارے میں شامل ہوگئے،لاکھا روڈ میں پریس کانفرنس کے دوران آئین پاکستان اور پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔تفصیلات کے مطابق یونین کونسل لاکھاروڈ سے تعلق رکھنے والے15 سے زائد کارکنان قوم پرست جماعت جئے سندھ قومی محاذ کو چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے ، سابق یونٹ صدر اعجاز علی سانگی اور جنرل سیکریٹری رضا محمد ڈاہری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں نعیم ڈاہری، علی احمد ڈاہری، فدا ڈاہری، امتیاز ڈاہری، نیاز، عبدالعلیم، ساجد علی، اجلم خان، مرتضیٰ خان، تجلم خان، اصغر، فاروق اور گودو ڈاہری کے ہمراہ جئے سندھ قومی محاذ جماعت کو باضابطہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس کے دوران سابق یوسی ناظم اور ڈاہری برادری کی معزز شخصیت محمداقبال ڈاہری بھی موجود تھے۔ اقبال ڈاہری نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے تمام افراد میں قومی پرچم تقسیم کئے ۔اعجاز سانگی اور رضا ڈاہری نے کہا کہ کے بشیر خان قریشی کی وفات کے بعد سے گزشتہ پانچ سال میں ہم غیر فعال تھے۔ آج کے بعد ہمارا کسی بھی قوم پرست جماعت کیساتھ کوئی تعلق نہ ہوگا ،ہم آئین پاکستان کی پاسداری کرتے ہوئے پاک فوج پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔یقیناًپاک فوج ہی ملکی سلامتی کیلئے بڑھ چڑھ کرکردار ادا کررہی ہے۔ ہمیں بھی کبھی موقعہ ملا تو پاکستان پر جان قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے ،کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ۔اسکے بنا ہماری کوئی پہچان نہیں۔