یوم عمرؓ کے جلوس پر پابندی کیخلاف احتجاج کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اہلسنت والجماعت نے سندھ میں یوم عمرؓ (یکم محرم) کے جلوس پر پابندی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔اہلسنّت میڈیاسیل میں مرکزی رہنمائوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امن،محبت اوربھائی چارے کادرس دینے والے ہیں۔یکم تا 10 محرالحرام ملک بھر میں عشرہ فاروقؓ و حسینؓ بھرپورجذبہ ایمانی سے منایاجائے گا۔یکم محرم یوم شہادت خلیفہ دوم سیدناعمر فاروق ؓ پر مدح صحابہؓ جلوس روکا گیا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔یوم شہادت سیدناعمرفاروق ؓ منانا اہلسنّت کا آئینی، بنیادی ، جمہوری اور قانونی حق ہے۔اس حوالے سے کوئی بھی غیرقانونی پابندی قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں پیش کرنے کو تیار ہیں، لیکن یکم محرم کے مدح صحابہؓ جلوس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔پریس کانفرنس میں علامہ رب نوازحنفی، تاج محمدحنفی و دیگر بھی موجود تھے۔رہنمائوں نے کہا کہ یوم شہادت سیدنا عمرؓ منانے سے روکنے کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کریں گے۔پی پی کے سنجیدہ قائدین وزیراعلیٰ سندھ کے غیر قانونی وغیرآئینی اقدامات کا نوٹس لیں۔