حیدرآباد دکن کے دھماکوں میں 2 بھارتی شہریوں کو سزائے موت
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست حیدرآباد دکن میں 2007 میں ہونے والے دھماکوں کے الزام میں گرفتار انڈین مجاہدین نامی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 مجرموں کو سزائے موت سنادی گئی۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جن ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی، ان میں عنیق سعید اور اسماعیل چوہدری شامل ہیں جبکہ خصوصی نیشنل ایجنسی کورٹ نے تیسرے ملزم طارق انجم کو عمر قید کی سزا سنائی۔عدالت نے گرفتار دیگر 2ملزمان فاروق شرفدین ترکاش اور محمد صادق اسرار شیخ کو ناکافی ثبوتوں کی وجہ سے بری کردیا تھا تاہم انہیں رہا نہیں کیا گیا کیونکہ ملزمان مہاشٹرا میں ایک اور کیس کا سامنا کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ 25اگست 2007کو ہونے والے 2دھماکوں میں 44لوگ ہلاک اور 68زخمی ہوگئے تھے۔