سسرال – میکے والوں نے مل کر غیرت کے نام پر خاتون قتل کر ڈالی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھٹائی آباد میں 28اگست کو سسر نے اپنے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی بہوکو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اورلاش خاتون کے والدین کے حوالے کردی جنہوں نے کفن دفن کے بعد لاش دفنا دی تھی۔عدالت کے حکم پر قبرکشائی کی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے بھٹائی آباد میں 28 اگست کوملزم سیف الرحمان نے اپنے بھائی رمضان اور دیگر تین رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اپنی بہو صفدانہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 466/18 درج کرتے ہوئے ملزم سیف الرحمان کے بھائی رمضان ، یوسف ، جان عالم اور عریاد اللہ کو گرفتار کرلیا جنہوں نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کیا۔’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے انویسٹی گیشن افسر حاجی امتیاز نے بتایا کہ خاتون صفدانہ کو اسکے سسر سیف الرحمان نے اپنے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر 28 اگست کو قتل کرکے دفنا دیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ صفدانہ اپنے آشنا سے ملنے کیلئے بھٹائی آباد سے پیرآباد ملنے کیلئے گئی تھی کہ مقتولہ کا سسر سیف الرحمان اور دیگر نے صفدانہ کا پیچھا کرتے ہوئے پیرآباد پہنچے اور وہاں سے اپنی بہو صفدانہ کو گاڑی میں ڈال کر گھر لایا جس کے بعد اسے گولیاں مار کے قتل کردیا گیا، بعدازاں لاش کو کمبل میں لپیٹ کر اسے صفدانہ کے گھر والوں کے حوالے کردیا۔پولیس کاکہنا ہےکہ مقتولہ کاشوہرعثمان سبی میں ملازمت کرتا ہے۔ پولیس کےمطابق اس کے سسر سیف الرحمان نے فائرنگ کی اور جائے وقوعہ کو دھونے کے بعد رات کی تاریکی میں لاش اس کے اہل خانہ کے حوالے کی گئی تھی جنہوں نے قریبی قبرستان میں دفنا دی تھی۔پولیس کو مخبر خاص نے اطلاع دی تو پولیس حرکت میں آئی اور انہوں نے مقتولہ کے رشتہ داروں کو حراست میں لے کر مقتولہ صفدانہ کے حوالے سے معلومات لیں تو ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق عدالتی حکم کے بعد خاتون کی قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More