ناکارہ سیوریج نظام سے کورنگی سیکٹر 35 اے جوہڑ میں تبدیل
کراچی(اسٹاف رپورٹر )ناکارہ سیوریج سسٹم سے کورنگی سیکٹر 35 اے جوہڑ بن گیا۔سیوریج کے پانی سے سڑکیں و گلیاں تباہ ہوگئیں، جب کہ مساجد کے اطراف جمع گندے پانی سے نمازی اذیت کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق کورنگی سیکٹر 35 اے میں ناقص سیوریج نظام سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔مختلف علاقوں میں جگہ جگہ سیوریج کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، جب کہ سیوریج کے پانی کی وجہ سے سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔کورنگی نمبر 4 زمان ٹاؤن میں واقع جامع مسجد طیبہ کے باہر گزشتہ 6 ماہ سے سیوریج کا پانی جمع ہے، جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے عوام کے ساتھ مسجد آنے والے نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مکینوں کی جانب سے متعدد بار شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہ کیا جاسکا۔ گندا پانی کھڑا ہونے سے علاقے میں مچھروں کی بہتات ہے، جب کہ ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ لاحق ہے۔رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مسجد کے سامنے موجود سیوریج کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے متعلقہ یونین کونسل میں متعدد بار درخواست جمع کروائی گئی، لیکن مسئلہ حل نہ ہو سکا۔یوسی نمبر 24 کے چیئرمین مرزا ساجد بیگ کا کہنا ہے کہ سیوریج نظام کی ذمہ داری واٹر بورڈ کی ہے۔علاقے میں سیوریج کے مسائل پر سابق ٹاؤن ناظم عبدالجمیل خان اور علاقہ مکینوں سے رابطے میں ہوں، جب کہ مسجد کے سامنے جمع سیوریج کے پانی کے مسئلے پر واٹر بورڈ کے ایکس ای این اسلام زئی سے بھی بات ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہفتے بھر میں مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔