سانحہ بلدیہ کے متاثرہ شخص کو 56 ہزار کا بجلی بل

0

کراچی(رپورٹ:محمد اطہر فاروقی)کے الیکٹرک حکام نے سانحہ بلدیہ کے متاثرہ شخص کو 56 ہزار کا بل بھیج دیا۔ بل درستگی کے لئے آئی بی سی رخ کرنے پر کے الیکٹرک عملے نے دفتر سے باہر نکال دیا۔کے الیکٹرک حکام نے بزرگ شہری محمد یوسف کو اووربلنگ کے جال میں پھنسا دیا ہے۔متاثرہ شخص 2ماہ سے آئی بی سی کے چکر کاٹ رہا ہے ،لیکن کے الیکٹرک عملہ بات سننے سے انکار کررہا ہے۔ ’’امت‘‘ کو بلدیہ ٹاؤن گجرات کالونی کے رہائشی نے بتایا کہ میرا مکان نمبر 1729/427 ہے ۔ محمد یوسف نے بتایا کہ آج سے 6سال قبل سانحہ بلدیہ میں میرا جوان بیٹا محمد اسرار حادثے میں جل کر جاں بحق ہوگیا تھا۔اسرار کی تنخواہ سے ہی گھر کی کفالت ہوتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے روز بیٹے نے مجھے فون کیا کہ میں آج تھوڑا دیر سے آونگا کمپنی میں کام بہت ہے۔محمد یوسف نے بتایا کہ چھوٹی بیٹی نے آکر خبر دی کہ بھائی جس فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے ،اس میں آگ لگ گئی ہے ،جس پر میں فوری فیکٹری کے لئے روانہ ہوا،انہوں نے بتایا کہ بیٹے کے گزرجانے کے بعد پڑوسیوں سے قرض لے کر گھر والوں کی کفالت کی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے صدر میں ایک سوپ کا ٹھیلہ لگایا ہوا ہے ،جس کی آمدن سے بچوں کی تعلیم اور گھر والوں کی کفالت کررہا ہوں،انہوں نے بتایا کہ جولائی 2018میں کے الیکٹرک حکام نے میرے گھر پر لگے میٹر جس کا اکاؤنٹ نمبر 0400014820157 ہے اور کنزیومر نمبرLB03937پر اچانک 56ہزار روپے کا بل بھیج دیا۔محمدیوسف نےبتایا کہ بل موصول ہوتے ہی بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9 میں موجود کے آئی بی سی پہنچا۔ ٹوکن حاصل کرنے کے بعد کے الیکٹرک عملے سے ملاقات کی اور بتایا کہ میرا گھر 80گز کا ہے ،جس میں 2کمرے ہیں۔محمد یوسف نے بتایا کہ میں کرائے کے مکان پر رہتا ہوں اور میرے گھر میں بجلی کا استعمال انتہائی کم ہے پھر بھی آپ کی جانب سے اتنی رقم کا بل بھیجا گیا ہے۔کے الیکٹرک عملے نے محمد یوسف کو بتایا کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے ،آپ کو جو بل موصول ہوا ہے ۔اس کی ادائیگی آپ کو لازمی کرنا ہوگی۔جس پر میں نے کہا کہ آپ گھر کا سروے کروالیں تو کے الیکٹرک ملازم نے مجھے دفتر سے باہر جانے کا کہا،محمد یوسف نے بتایا کہ اگلے روز میں دوبارہ آئی بی سی گیا ،تو کے الیکٹرک عملے نے مجھے دفتر سے باہر نکال دیا اور کہا کہ اگر بل کی ادائیگی نہیں تو بجلی منقطع کردی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سوپ کا ٹھیلہ لگاکر بیٹی کی تعلیم کا خرچ اٹھا رہا ہوں ،لیکن کے الیکٹرک عملہ مجھے پریشان کررہا ہے،انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More