464ملین ڈالرزمالیت کی 51ٹن منشیات نذر آتش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان اور فرنٹئیر کور بلوچستان کی جانب سے کچھ موڑ ایریا میں منشیات نذرِآتش کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی جی او سی کوئٹہ میجر جنرل محمد عاصم ملک تھے۔ اس موقع پر تقریباً 51 ٹن منشیات جلا کر تلف کی گئی، جس کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 464 ملین ڈالرز ہے۔ علاوہ ازیں سال 2018 کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے 65 کامیاب چھاپوں کے نتیجے میں تقریباً 31.90 ٹن منشیات پکڑی گئی اور 19 ملزمان کو گرفتار کرکے اُن کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ جلائی جانے والی میں منشیات 14.82 ٹن چرس، 4.03 ٹن افیون 818.54 کلوگرام ہیروئن / کرسٹل 1.57 ٹن مارفین، 3.92 کلوگرام ایمفیٹامائن، 9.95 کلوگرام بھنگ، 14.9 کلوگرام آئس 908.55 لٹر ایسیٹون، 2657.3 لٹر ایسیٹک این ہائیڈرائڈ، 49.8 لٹر ایسیٹک ایسڈ، 1.49 ٹن کیتھائن، 1.51 ٹن سٹی میلاٹی، 4300 لٹر شراب، 21.87ٹن چرس، 36.97 کلوگرام افیون، 1.24 ٹن بھنگ شامل ہے۔ تقریب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور منشیات کی روک تھام کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارکردگی کو سراہا۔