محرم ایثار-قربانی اور ہمدردی کا درس دیتا ہے-عمران خان
اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی سال کے آغاز کے بابرکت موقع پر پاکستانی قوم اور اہل اسلام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں محدود علاقائی ، ذاتی اور نسلی نفرتوں اور بلاوجہ کے تعصبات کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے۔بدھ کو ایک بیان میں وزیر اعظم نے اسلامی سال کے آغاز کے بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور اہلِ اسلام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بارگاہ ایزدی میں دعا کرتا ہوں کہ یہ سال اْمت مسلمہ کے لیے باعث رحمت ثابت ہو،آمین۔ وزیر اعظم نے کہاکہ محرم الحرام کے مہینہ کو اسلام کی آمد سے پہلے بھی نہایت عزت وتوقیر حاصل تھی- اسلام نے اس کی عظمت میں مزیداضافہ کیا – ہجری سال کی ابتدا سرکار دو عالم حضرت محمداور ان کے جاں نثار اصحاب کی مکہ سے مدینہ ہجرت سے ہوتی ہے۔جب انہوں نے مخالفین اسلام کے ظلم وستم سے تنگ آکر اللہ تعالیٰ کے حکم سے ہجرت کی یہ عظیم مثال پیش کی جس میں انصار اور مہاجرین کے درمیان مواخات کا بے مثال رشتہ قائم ہوا۔اس ماہِ مبارک میں رونما ہونے والے اس عظیم واقعہ سے رہنمائی لیتے ہوئے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی ، اخوت و بھائی چارہ ، ہمدردی و مذہبی رواداری اور صبروبرداشت کے پرچار اور ان اعلیٰ اقدار پر عمل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمیں محدود علاقائی ، ذاتی اور نسلی نفرتوں اور بلاوجہ کے تعصبات کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے یہی سیدھی راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ میری اللہ تعالیٰ سے دْعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے اور پاکستان کو امن ، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور نئے ہجری سال کے اصل پیغام جو کہ ایثار و قربانی پر مبنی ہے ہماری زندگیوں میں شامل فرمائے ۔آمین