پولیس کا مقصد جرائم کیخلاف ڈٹ جانا و عوامی خدمت ہے-کلیم امام
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر سید کلیم امام نے آئی جی سندھ کاچارج سنبھال لیا۔ سینٹرل پولیس آفس میں افسران، و جوانوں سمیت دیگر شعبوں کے اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ پولیس کا مقصد عوامی خدمت اور جرائم کیخلاف ڈٹ جانا ہے۔بحالی امن جیسے اقدامات میں شہیدوں کی قربانیاں اور غازیوں کے کارہائے نمایاں پولیس کا طرہ امتیاز ہیں- انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت آپ تمام پر اللہ پاک کا خاص فضل ہے کہ اس نے ہمیں وہ ذمہ داریاں تفویض کی ہیں جسے بطور احسن طریق انجام دینے میں نا صرف ہمیں دنیا بلکہ آخرت میں بھی نوازا جائیگا، پولیس ٹیم ورک کا نام ہے کوئی بھی اکیلا ہدف حاصل نہیں کرسکتا جبکہ ایک ٹیم کی حیثیت میں اقدامات سے کامیابی سو فیصد یقینی ہوجاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لئے پولیس کا ہر رکن چاہے وہ ادنیٰ ہو یا اعلیٰ ایک ٹیم ممبر کی حیثیت رکھتا ہے، آپ عوام کی خدمت کو ایک فریضہ سمجھ کر انجام دیں۔آپ کے تمام جائز مسائل کا حل میری تمام تر ترجیحات کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے پاس روزانہ عوام شکایات اور مسائل کے حل کیلئے رجوع کرتے ہیں، ہمارا کام انکے مسائل غیرجانبدار رہتے ہوئے بروقت حل کرنا اور پولیس کی کارکردگی کیساتھ ساتھ اپنے طرز عمل اور برتاؤ سے اچھا امیج اجاگر کرنا ہے کیونکہ رب تعالیٰ نے تمام انسانوں کو مساوی حقوق دیئے ہیں، ہمیں بھی بحیثیت انسان اپنے عہدے اور اختیار کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور اسکے اصولوں کے عین مطابق انجام دینا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے دفتر کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، آپ آگے آکر پولیسنگ کی مزید بہتری کیلئے میرے دست و بازو بنیں، آپ کی مشاورت کیساتھ ساتھ میں آپ کے مسائل بھی سنوں گا اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے تئیں میرٹ اور اہلیت کو ترجیح ہوگی۔آپ عوام سے احسن سلوک کو ہرسطح پر یقینی بنائیں اور پولیس کا مورال بلند کرنے کو خصوصی اہمیت دیں۔ قبل ازیں سی پی او آفس آمد کے موقع پر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے انہیں جنرل سلام پیش کیا۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔