بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر سرفراز بگٹی منتخب
کوئٹہ(نمائندہ امت)بلوچستان میں سینیٹ کی جنرل نشست کے انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار میر سرفراز بگٹی کامیاب ہوگئے۔بلوچستان اسمبلی میں آج ہونے والے انتخاب میں بی اے پی کے امیدوار نے 37 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار رحمت اللہ کاکڑ کو 20 ووٹ ملے۔سینٹ کی جنرل نشست کے لیے بلوچستان اسمبلی میں 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جس میں بی اے پی اور ایم ایم اے کے علاوہ 2 آزاد امیدوار مد مقابل تھے۔آزاد امیدواروں میں علاؤالدین مری اور میر غلام دستگیر بادینی شامل تھے۔اسمبلی میں ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان ریٹرننگ آفیسر صوبائی الیکشن کمیشن نیاز احمد بلوچ نے کیا۔انتخاب میں بی این پی اور پشتونخوا میپ کی جانب سے ایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دیا گیا۔