خاتون کی درخواست پر ایس ایچ او کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس فہیم الدین صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے ہراساں اور تحفظ سے متعلق دائر درخواست پر ایس ایچ او گلشن کو درخواست گزاروں کو تحفظ فراہم کرنےکا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ سماعت پر درخواست گزار فہمیدہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرا شوہر وحید احمد کلوڑ محکمہ اینٹی کریشن میں ڈی ایس پی ہے ۔خلع لینے پر شوہر طاقت کا ناجائز استعمال کر رہا ہے ۔خلع دائر کرنے پر میرے بھائی پر جھوٹے مقدمات درج کرائے اور بری ہونے پر دھمکیاں دینے اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔درخواست گزار کے بھائی غلام محمد کا عدالت میں کہنا تھا کہ میں رکشہ ڈرائیور ہوں۔ڈی ایس پی میری بہن پر تشدد کر رہا ہے۔جان کو بھی خطرہ ہے۔انصاف دیا اور تحفظ دلوایا جائے۔عدالت نے ڈی ایس پی کی جانب سے بیوی سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بیوی سے متعلق ایسے الفاظ پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیں گے۔سماعت ختم ہوتے ہی احاطہ عدلت میں فریقین گتھم گتھا ہوگئے ۔فریقین نے ایک دوسرے پر جوتوں اور تھپیڑوں کی بارش کردی۔