سندھ اسمبلی اور کابینہ کے اجلاس پیر تک ملتوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال کے باعث آج ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے ساتھ سندھ کابینہ کا اجلاس بھی پیر کے روز تک ملتوی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے یکم اکتوبر 2018ء سے 30 جون 2019ء تک رواں مالی سال کے آئندہ 9 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کے لئے سندھ کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا تھا۔ اسمبلی اجلاس سے قبل سندھ کابینہ کا اجلاس بھی بجٹ منظوری کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا تاہم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی میت آج لندن سے لاہور پہنچنے اور آج ہی نماز جنازہ کے بعد تدفین کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کابینہ کا اجلاس پیر کے روز 9 بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔