مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 8 شہید
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کپواڑہ، سوپور اور جموں کے علاقہ میں بدترین دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے مزید8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ، جس پر وادی میں زبردست احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے،بھارتی فوجی ایک شہید کاجسد خاکی زمین پرگھسیٹتے رہے، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کااستعمال بھی کیا ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے جموں کے علاقے جھجر کوٹلی میں بڑے آپریشن کے دوران 3کشمیریوں کو شہید کیا سوپور میں 2، کپواڑہ میں 3 افراد کو فائرنگ کرکے شہید کیا۔بھارتی فورسزنےریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سوپور اور کپواڑہ میں 5کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ شہید کئے گئے نوجوان کشمیری مجاہد تھے تاہم مقامی کشمیریوں نے اس امر کی تردید کی ہے۔ ٹویٹرپرایک بھارتی صحافی نے تصویرشیئرکی ہے جس میں دکھایاگیاہے کہ بھارتی فوجی ایک شہید کی میت کو زمین پرگھسیٹ رہے ہیں۔ بھارتی فوج کی دہشت گردی کیخلاف سوپور، کپواڑہ، لنگیٹ اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی اور ہزاروں کشمیریوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے مظاہرین کیخلاف آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیاگیا، ریاستی انتظامیہ نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی۔ حریت پسند رہنما شکیل احمد بخشی کو سری نگر سے حراست میں لے کر بٹہ مالو تھانے میں بند کر دیا گیا ہے۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے نگروٹہ جھجر کوٹلی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی اور بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ پیشگی حفاظتی اقدامات کے نام پر تکری زون میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کردیاگیا ہے۔ بھارتی پولیس نے ضلع ڈوڈہ مسلح جدوجہد میں شمولیت اختیا کرنے والے بعض نوجوانوں کی سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی پوسٹوں پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔ حریت کانفرنس کے قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یٰسین ملک اور غلام نبی سمجھی نے مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں قابض بھارتی فورسز کی نہتے کشمیری عوام کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کوکرناگ کے علاقے اقبال پورہ کے رہائشی فیروز احمد حجام پربھارتی فورسز کی طرف سے گرفتار ی کے بعد بدترین تشدد کی شدید مذمت کی اور کہاکہ فیروز کے گلے پر گہرے زخم آنے کے بعد اسے اسلام آباد(اننت ناگ) ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے نیم مردہ حالت میں سری نگرکے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال بھجوادیاگیا ہے اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔حریت رہنماؤں نے قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی بدترین پامالی قراردیا۔ حریت رہنماؤں نے سوپور، کپواڑہ، ہندواڑہ اور جموں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے عظیم قربانیوں کو تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھاجائے گا۔