گذری سے بھی سرکاری گاڑی چوری ۔ سراغ لگانے میں پولیس ناکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس کے بعد گذری سے بھی سرکاری گاڑی چوری کرلی گئی۔پوش علاقوں میں سرکاری گاڑیاں چوری کرنے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں پولیس تاحال ناکام ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں سرکاری گاڑیاں چوری اور چھیننے کی وارداتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔پوش علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیجز ملنے کے باوجود بھی پولیس ملزمان کا سرا غ لگانے میں ناکام ہے۔ایس ایچ او اسعد اللہ منگی کے مطابق گذری کے علاقے خیابان بدر میں ایم ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے گھر کے باہر موجود سفید رنگ کی سرکاری گاڑی نمبر ایل 9009سوزوکی پوٹوہار نامعلوم چور لے گئے۔ایک اور سرکاری گاڑی چوری ہونے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں،۔ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ گاڑی جن افسر کے زیر استعمال ہے وہ ابھی پولیس کے پاس نہیں آئے ہیں تاہم گاڑی کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔