برلن(خبر ایجنسیاں) جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں بچوں نے والدین کی جانب سے اسمارٹ فون کے بے تحاشہ استعمال اور خود پر توجہ کم ہونے کیخلاف انوکھا احتجاج کیا۔ ایمل رسٹیگ نامی 7 سالہ بچی کی قیادت میں ہونیوالے مظاہرے میں شریک 150بچوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر میرے ساتھ کھیلیں، اسمارٹ فون سے نہیں! سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے نیوز کے مطابق جرمن بچوں نے والدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسمارٹ فون استعمال کرنے کے بجائے ان پر توجہ دیں۔ ایمل رسٹیگ نے اْن تمام والدین کیخلاف احتجاج کیا جو اپنے بچوں کو کم وقت دیتے ہیں اور انکے ہاتھ میں ہر وقت موبائل فون ہوتا ہے۔ ایمل نے اپنے والدین کی مدد سے احتجاجی ریلی نکالی، جس میں درجنوں بچوں نے شرکت کی اور اسمارٹ فون کیخلاف نعرے لگائے۔ اس انوکھے احتجاج کیلئے انہوں نے باقاعدہ ایک نعرہ تیار کیا تھا۔ احتجاجی ریلی میں شریک بچوں سے خطاب میں ایمل رسٹیگ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اب ممی پاپا موبائل فون کا استعمال کم کرکے ہمارے ساتھ بھی وقت گزاریں گے۔ایک امریکی تحقیق کے مطابق 13 سے 17 برس تک کے بچوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے والدین موبائل فون ڈیوائسز سے دور ہوجائیں اور ان کیساتھ وقت گزاریں۔ تحقیق کے مطابق جن بچوں کو والدین کی توجہ نہیں ملتی وہ خودکو تنہا اور غیر اہم محسوس کرتے ہیں اور نتیجتاً دباوٴ کا شکار ہوجاتے ہیں۔