جامعہ اردو – ڈین فیکلٹی آرٹس سے جھگڑے پر استاد کو شوکاز

0

کراچی(رپورٹ:عظمت علی رحمانی )جامعہ اردو عبدالحق کیمپس میں ڈین فیکلٹی آرٹس سے جھگڑے پر استاد نے شوکازنوٹس ملنے کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا۔ ایک ماہ قبل خاتو ن ٹیچر کو مکا مار کر زخمی کرنے والی تاریخ عام کی طالبہ کا داخلہ منسوخ نہ کیا جا سکا ۔تفصیلات کے مطابق 31اگست کو جامعہ اردو میں ڈین فیکلٹی آرٹس و تاریخ عام کے استاد ڈاکٹر ضیا الدین احمد اور تاریخ اسلام کے انچارج عبدالرحمن عرف کاکا کے ما بین سخت تلح کلامی ہوئی۔ہاتھاپائی کی نوبت آنے سے پہلے ہی دیگر اساتذہ نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرا کے جھگڑا بڑھنے سے بچالیا ۔دونوں اساتذہ نے اس ضمن میں رجسٹرار جامعہ کو تحریری شکایات بھیجیں ۔ عبدالرحمن کاکا نے اپنی درخواست میں ڈاکٹر ضیالدین احمدکومتعصب قرار دیا اورڈاکٹر ضیاالدین احمد نے اپنی درخواست میں عبدالرحمان کاکا کی جانب کھلی دھمکیاں ملنے کا ذکر کرتے ہوئے ان کے خلاف بھر پور کارروائی کی استدعا کی۔اب تک جامعہ کی انتظامیہ نے دونوں اساتذہ کی صلح کرائی ہے نہ ہی کوئی کاروائی کی ۔قبل ازیں سابق وائس چانسلر کی موجودگی کے دوران ڈاکٹر ضیا الدین احمد و سابق کیمپس انچارج عبد المجید بلوچ کے مابین بھی تلخ کلامی ہو چکی ہے۔عبدالرحمن کے والد عبدالرحمن شاہین بھی جامعہ میں نامی گرامی استاد رہ چکے ہیں ۔جامعہ کے رجسٹرار کی جانب سے عبدالرحمن کو 7ستمبر کو شوکاز جاری کیا گیا جس کے تحت انہیں 13ستمبر کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ گزشتہ دنوں عبدالحق کیمپس کے شعبہ تاریخ عام کی طالبہ مریم آفریدی نے نقل سے روکنے پر خاتون ٹیچر شذرہ رحمن کومکا مار کرزخمی کر دیا تھا جس سے خاتون ٹیچر کے چشمے ٹوٹ کر آنکھوں میں لگے۔شذرہ رحمن کو اسپتال پہنچایا گیاجبکہ طالبہ کے اہلخانہ کو بلایا گیا ۔ مریم آفریدی کےخلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی تیاری کی گئی۔ کیمپس کی تادیبی کمیٹی نے رجسٹرار افضال احمد سے طالبہ کا داخلہ منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی لیکن اس حوالے سے تا حال نوٹس جاری نہیں کئے گئے۔ رجسٹرار جامعہ اردو افضال احمد سے اس ضمن میں متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔شیخ الجامعہ الطاف حسین نے ’’امت‘‘ کے رابطے بتایا کہ وہ کسی طالبہ کی خاتون ٹیچر سے بدتمیزی او ہاتھاپائی کے واقعے سے لاعلم ہیں تاہم رپورٹ لے کر ہی اس بارے میں بتا سکوں گا۔کیمپس انچارج ڈاکٹر ضیا الدین احمد کی تحریری شکایت نے عبدالرحمن کو شوکاز نوٹس جاری کیا جس کا انہوں نے جمعہ تک جواب جمع کرانا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More