پراسرار ماحولیاتی آلودگی کے باعث روسی شہر سے پرندے غائب
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے زیرِ تسلط جزیرہ نما کرائیمیا میں اگست میں ہونے والے کیمیائی حادثے کے بعد پرندے غائب ہوگئے جس پر ماہرین حیران ہیں۔ کرائیمیا کے قصبے آرمیانسک میں 23یا 24اگست کو کرائیمیئن ٹائٹن پلانٹ سے گیس اور کیمیکل خارج ہوا تھا۔جس کے بعد فضا میں عجیب بو تھی جبکہ مکانات، سڑکوں اور سواریوں پر زنگ نما مواد دیکھا گیا۔ حکومتی خاموشی پر سوشل میڈیا صارفین نے تصاویر اور معلومات کے ڈھیر لگادیئے۔ یہ اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں کہ واقعے کی پراسراریت سے پردہ نہ اٹھانے پر4 ہزار افراد علاقہ چھوڑ گئے ہیں۔ شہر کے سربراہ سرگائی اکسیونوف اور نمائندہ ماحولیات نے شہر کا دورہ کیا ۔ سرگائی اکسیونوف جو پہلے واقعے کو بے ضرر کہہ رہے تھے لیکن انہوں نے اسے خطرناک کہنا شروع کردیا۔ابتدائی ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوا کہ فضا میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کی غیر معمولی مقدار ہے جو نظامِ تنفس کے لیے انتہائی خطرناک ہونے کے علاوہ سرطان کی وجہ بھی بنتی ہے۔پرندوں کے کوچ کرنے پر عالمی ماہرین ماحولیات نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔