عبداللہ عبداللہ نے طالبان امریکہ رابطوں کی تصدیق کردی

0

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی خطے میں امن اور استحکام کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہیں،طالبان اور امریکہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو دو طرفہ خوشگوار تعلقات کو قائم رکھنے میں دشواریوں کا سامنا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ مل جل کر ان دشواریوں پر قابو پالیا جائے گا جس کے لیے دونوں جانب سے مصالحانہ اور مثبت رویہ رکھنا لازمی ہے۔افغان چیف ایگزیکٹو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گرد عناصر طویل مدت تک کسی بھی ملک کے وفادار نہیں رہتے اور نہ ہی کسی ملک کے مفاد میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں بلکہ انتہا پسند عناصر کی اولین ترجیح اقتدار اور طاقت کا حصول ہوتا ہے اور وہ اپنی حکومت قائم کرنے کے لیے اس ملک کے خلاف بھی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں جو انہیں پناہ اور تعاون مہیا کرتے ہیں۔بھارت سے تعلقات پر افغانستان کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعاون مدد گار ثابت ہوا ہے اور کسی حد تک دفاعی امور پر بھی دو طرفہ دفاعی تعاون ہوا ہے، لیکن افغان سرزمین پر انڈین فوجیوں کی موجودگی کا تاثر یکسر غلط ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر بحث ہے۔افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے تصدیق کی کہ امریکہ اور طالبان کے مابین رابطے ہوئے ہیں تاہم ان رابطوں کا مقصد طالبان کو افغان حکومت سے بات چیت کرنے کے لیے راضی کرنا ہے اور اگر طالبان جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو ہم خیرمقدم کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More