کورنگی کی فیکٹری میں آگ سے لاکھوں کا گتا-دیگر سامان جل گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گتے کی فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے کا گتا اور دیگر سامان جل گیا، آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا ویٹا چورنگی کے قریب واقع گتے کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 5گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم لاکھوں روپے مالیت کا گتا اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ فیکٹری ملازمین کے مطابق اگ صبح 4بجے لگی، اس وقت فیکٹری بند تھی اور صرف چوکیدار موجود تھا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ فیکٹری کے بیسمینٹ میں لگی فیکٹری میں ایل ای ڈی اور دیگر الیکٹرونک سامان کے علاوہ گتا، تار، پلاسٹک کی تھیلیاں اور دیگر سامان موجود تھا جبکہ فیکٹری میں انرجی سیور بھی اسٹور کئے گئے تھے۔ شہر کے مختلف صنعتی زونز میں فیکٹریاں قائم ہیں لیکن ان میں سے بہت کم کے پاس آگ بجھانے کے انتظامات موجود ہیں۔